ناندیڑ ضلع کی 12 نگرپشد اور ایک نگر پنچایت کے انتخابات کا شیڈول جاری،2 دسمبر کو پولنگ، 3 دسمبر کو ووٹوں کی گنتی

ناندیڑ:(تہلکہ نیوز) 5 نومبر: ناندیڑ ضلع کی 12 بلدیاتی کونسلوں اور ایک نگر پنچایت کے کل 269 اراکین کے لیے منگل، 2 دسمبر 2025 کو پولنگ ہوگی، جبکہ بدھ، 3 دسمبر کو ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔ ناندیڑ ضلع کی کل 13 بلدیاتی اداروں کے انتخابات کا شیڈول 4 نومبر کو ریاستی الیکشن کمیشن نے جاری کیا ہے، جس کے ساتھ ہی ان تمام کونسلوں اور پنچایتوں کے حدود میں ضابطۂ اخلاق (آچار سنہیتا) نافذ ہوچکا ہے۔ اس بارے میں تفصیلی معلومات ضلع کلکٹر راہول کرڈیلے نے آج کلکٹر آفس میں منعقدہ پریس کانفرنس میں دیں۔دیگلور، بھوکر، دھرم آباد، کنوٹ، عمری، حدگاؤں، مدکھیڑ،قندھار، بلولی، کنڈلواڑی، مدکھیڑ، لوہا (بلدیاتی کونسلیں) اور حمایت نگر (نگر پنچایت)۔ان 12 بلدیاتی کونسلوں اور ایک نگر پنچایت کے حلقۂ انتخاب میں 1,47,165 مرد، 1,50,858 خواتین اور 20 دیگر ووٹر یعنی کل 2,98,040 ووٹر اپنے ووٹ کا حق 351 ممکنہ پولنگ مراکز پر استعمال کریں گے۔12 بلدیاتی کونسلوں میں دیگلور بی-درجے کی بلدیہ ہے جبکہ باقی تمام سی-درجے کی بلدیاتی کونسلیں یا نگر پنچایتیں ہیں۔ ان تمام اداروں میں کل 141 وارڈ (پربھاگ) ہوں گے۔انتخابی شیڈول:شیڈول جاری ہونے کی تاریخ: 6 نومبر 2025۔نامزدگی فارم بھرنے کا آغاز: 10 نومبر 2025۔فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ: 17 نومبر 2025 (دوپہر 3 بجے تک)اتوار کے دن نامزدگیاں قبول نہیں کی جائیں گی۔جانچ (اسکروٹنی): 18 نومبر 2025۔اپیل نہ ہونے کی صورت میں فارم واپس لینے کی آخری تاریخ: 21 نومبر 2025۔اپیل ہونے کی صورت میں فارم واپس لینے کی آخری تاریخ: 25 نومبر 2025۔انتخابی نشانات کی تقسیم اور حتمی فہرست کی اشاعت: 26 نومبر 2025۔پولنگ کا وقت: 2 دسمبر 2025، صبح 7:30 سے شام 5:30 بجے تک ۔ووٹوں کی گنتی: 3 دسمبر 2025، صبح 10 بجے سے متعلقہ مقامات پر۔نتائج کے اعلان کے بعد متعلقہ بلدیاتی اداروں میں ضابطۂ اخلاق ختم ہو جائے گا۔نامزدگی کا طریقہ:نامزدگیاں اب کمپیوٹر نظام کے ذریعے لی جا رہی ہیں۔ اس لیے امیدواروں کو ریاستی الیکشن کمیشن کے سافٹ ویئر کے ذریعہ https://mahasecelec.inپر خود رجسٹریشن کرکے، فارم اور حلف نامہ آن لائن بھرنا ہوگا۔ پرنٹ نکال کر دستخط کے بعد مقررہ وقت میں ریٹرننگ آفیسر کو جمع کرانا ہوگا۔ یہی فارم باضابطہ نامزدگی سمجھا جائے گا۔



