
نئی دہلی:(ایجنسیز)5ڈسمبر: مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور کیرن رجیجو نے جمعہ کے روز وقف قانون کے تحت UMEED پورٹل پر وقف املاک کی رجسٹریشن سے متعلق ایک اہم اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جن متولیوں نے رجسٹریشن میں تاخیر کی ہے، اُن کے خلاف آئندہ تین ماہ تک نہ کوئی جرمانہ عائد کیا جائے گا اور نہ ہی کوئی سخت کارروائی کی جائے گی۔یہ اعلان اُس وقت سامنے آیا ہے جب رجسٹریشن کی آخری تاریخ 5 دسمبر کو ختم ہو چکی ہے۔وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملک کے مختلف حصوں سے ارکان پارلیمنٹ، اجتماعی نمائندے اور سماجی رہنماؤں نے وقف املاک کی رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں توسیع کی درخواست کی تھی۔تاہم، سپریم کورٹ نے واضح طور پر مزید مہلت دینے سے انکار کر دیا اور کہا کہ چھ ماہ کی مدت پہلے ہی پوری ہو چکی ہے۔کیرن رجیجو کے مطابق، وقف (ترمیمی) قانون کے تحت وقف ٹریبونل کے پاس مزید چھ ماہ کی اضافی مہلت دینے کا اختیار موجود ہے، لہٰذا جو متولی تاخیر کے باعث پریشان ہیں وہ متعلقہ ٹریبونل سے رجوع کر سکتے ہیں۔مرکزی وزیر نے بتایا کہ پورے ملک سے 1.5 لاکھ سے زائد وقف املاک UMEED پورٹل پر رجسٹر ہو چکی ہیں، تاہم ابھی بھی لاکھوں املاک ایسی ہیں جن کا اندراج باقی ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت چاہتی ہے کہ متولیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے، لیکن نئے قانون کی بعض پابندیاں ایسی ہیں جنہیں تبدیل کرنا ممکن نہیں۔



