ناندیڑ

ہزاروں جعلی برتھ سرٹیفکیٹ بنانے والابین ریاستی گروہ بے نقاب، جھارکھنڈ سے 5 گرفتار

ناندیڑ: (تہلکہ نیوز بیورو)20فروری:عثمان نگر پولیس نے سرکاری پورٹل کا غلط استعمال کر کے ہزاروں جعلی پیدائشی اندراج (برتھ ریکارڈ) کرنے والے ایک بین ریاستی گروہ کا پردہ فاش کیا ہے۔ اس معاملے میں تحقیقاتی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے سیدھے جھارکھنڈ پہنچ کر پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جنہیں عدالت نے پولیس تحویل میں بھیج دیا ہے۔ساولییشور (تعلقہ کندھار) کی گرام پنچایت افسر بھاونا مادھو راؤ کاولے نے اس سلسلے میں شکایت درج کرائی تھی۔ شکایت کے مطابق، مہاراشٹر حکومت کے سی آر ایس (CRS) پورٹل کی یوزر آئی ڈی (MH20362RE) جو کہ شکایت کنندہ کے پاس تھی، کا نامعلوم افراد نے غیر قانونی استعمال کیا۔ اس آئی ڈی کے ذریعے تقریباً ۱۵ ہزار ۵۶۹ جعلی پیدائشی اندراجات کر کے حکومت کے ساتھ بڑا دھوکہ کیا گیا۔ یہ سارا معاملہ ۱ مئی ۲۰۲۵ سے ۳۰ نومبر ۲۰۲۵ کے درمیان پیش آیا۔پولیس سپرنٹنڈنٹ ابیناش کمار کی رہنمائی میں عثمان نگر پولیس اور سائبر سیل، ناندیڑ نے اس جرم کی تکنیکی جانچ کی۔ تحقیقات کا دائرہ بڑھاتے ہوئے پولیس ٹیم نے جھارکھنڈ ریاست کے رانچی اور گڑھوا اضلاع سے پانچ افراد کو حراست میں لیا۔گرفتار ملزمان میں جتیندر کمار سنگھ (۵۲ سال، پیشہ: بلڈر، ساکن گڑھوا)، اوم پرکاش مشرا (۳۳ سال، انٹرنیٹ سینٹر آپریٹر، ساکن رانچی)، لکشمی پنڈت (۳۴ سال، پرائیویٹ ملازم، ساکن رانچی)، سمیت کمار سنگھ (۲۷ سال، سی ایس سی سینٹر آپریٹر، ساکن رانچی) اور ستیش کمار (۳۵ سال، سی ایس سی سینٹر آپریٹر، ساکن رانچی) شامل ہیں۔یہ کامیاب کارروائی پولیس سپرنٹنڈنٹ ابیناش کمار، ایڈیشنل ایس پی ارچنا پاٹل، سورج گرؤ اور سب ڈویژنل پولیس آفیسر ڈاکٹر اشونی جگتاپ کی رہنمائی میں انجام دی گئی۔ اس ٹیم میں پولیس انسپکٹر این ایس آئلانے، اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر سنجے نیلپترے وار، سب انسپکٹر سنیل سوریہ ونشی اور دیگر عملہ شامل تھا۔فی الحال تمام ملزمان پولیس کی تحویل میں ہیں اور پولیس انسپکٹر این ایس آئلانے اس بات کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں کہ اس ریکیٹ میں اور کون کون ملوث ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button