ناندیڑ سمیت ریاست بھر کی تمام نگر پالیکاؤں کی ووٹوں کی گنتی اب 21 دسمبر کو

ناندیڑ:آج بروز منگل، 2 دسمبر کو ناندیڑ ضلع کی 11 نگرپالیکاؤں اور نگرپنچایتوں سمیت ریاست کے مختلف شہروں میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل خبر لکھےجانے تک جاری ہے۔ تاہم، ان انتخابات کے نتائج اب کل (3 دسمبر) کو جاری نہیں ہوں گے۔ممبئی ہائی کورٹ کی ناگپور بینچ نے حکم صادر کیا ہے کہ ریاست کی تمام میونسپل اور نگرپنچایت انتخابات کی ووٹوں کی گنتی اور نتائج 21 دسمبر کو ایک ساتھ جاری کیے جائیں۔ عدالت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ 20 دسمبر تک انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ رہے گا اور اس دوران کسی بھی طرح کا ایگزٹ پول جاری کرنا ممنوع ہوگا۔آج ریاست بھر میں 264 صدر کے عہدوں اور 6 ہزار 42 اراکین کے لیے ووٹنگ عمل میں آئی۔ پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق 2 دسمبر کو پولنگ اور 3 دسمبر کو ووٹوں کی گنتی اور نتائج کا اعلان ہونا تھا، لیکن بعض مقامات پر عدالتی اپیلوں کے باعث پیچیدگیاں پیدا ہوگئیں۔ چنانچہ جہاں تنازعہ تھا وہاں 20 دسمبر کو نئی پولنگ اور 21 دسمبر کو نتائج کے اعلان کا فیصلہ کیا گیا۔ریاستی الیکشن کمیشن کے مطابق 24 میونسپل کونسلز اور 76 دیگر مقامی بلدیاتی اداروں میں موجود 154 نشستوں کے انتخابات کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔ ان تمام روک دی گئی نشستوں پر 20 دسمبر کو ووٹنگ اور 21 دسمبر کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔اس طرح اب ریاست کی تمام نگر پالیکاؤں اور نگرپنچایتوں کے انتخابات کے نتائج 21 دسمبر کو ہی ایک ساتھ جاری کیے جائیں گے۔



