
ناندیڑ: (تہلکہ نیوز بیورو)17 اپریل: دیگلور ناکہ علاقے میں چار اسکولی بچوں کے ڈوب کر جاں بحق ہونے کے معاملے میں میونسپل کارپوریشن نے سخت کارروائی کی ہے۔ ابتدائی جانچ میں لاپرواہی ثابت ہونے پر میونسپل کمشنر ڈاکٹر مہیش کمار ڈوئی پھوڑے کے حکم سے دو انجینئروں کو معطل کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر تین افسران کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کی گئی ہے۔یہ افسوسناک واقعہ 16 اپریل کو ایم جی آر گارڈن کے قریب پیش آیا جہاں 10 تا 13 سال کے چار بچے کھیلتے ہوئے گہرے گڑھے میں جمع پانی میں ڈوب گئے۔ مذکورہ مقام پر نالے کا کام جاری تھا۔ لاپرواہی کے الزام میں عوامی تعمیرات محکمہ کی نائب انجینئر شیوکنیا جائبھائے اور جونیئر انجینئر کرن سوریہ ونشی کو معطل کیا گیا ہے۔اسی طرح متعلقہ ٹھیکیدار "گرو رامداس کنسٹرکشن، ناندیڑ”، پروجیکٹ انجینئر اور دیگر ذمہ داران کے خلاف پولیس میں مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ دینے اور وزیر اعلیٰ امدادی فنڈ و راجیو گاندھی حادثہ بیمہ اسکیم کے تحت مدد فراہم کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔وہیں ناندیڑ کےسرپرست وزیر اتُل ساوے نے کہا ہے کہ عوامی ترقیاتی کاموں میں حفاظتی اصولوں میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور قصورواروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔



