مضامین

مکروہ اور مُباح امور کابیان-۱۲

ہندو پنواڑی کا بنایا ہوا پان کھانا درست ہے
سوال:(۶۴) ہندو حلوائی کی دکان کی مٹھائی اور ہندو پنواڑی کے ہاتھ کا بنایاہوا پان کھانا درست ہے یانہیں؟(۶۳۲/۳۲-۱۳۳۳ھ)
الجواب: ہندوحلوائی کی دُکان کی مٹھائی اور ہندو پنواڑی کے ہاتھ کابنایا ہوا پان کھانا درست ہے۔ فقط واللہ تعالیٰ اعلم
ہندو اپنے تہوار کے روز جومٹھائی بھیجتے ہیں اس کا کھانا درست ہے
سوال:(۶۵)اکثر ہندود اپنے تہوار کے روز مٹھائی بھیجاکرتے ہیں، اس کا کھانا درست ہے یانہیں؟(۷۷۳/۳۲-۱۳۳۳ھ)
الجواب: درست ہے۔ فقط
سوال:(۶۶)اہل ہندود دیوالی کو کھِیل (۱) اور بتاشازمینداروں کے یہاں بھیجتے ہیں ، مسلمانوں کو اس کا کھانا درست ہے یانہیں؟(۲۵۸۰/۳۲-۱۳۳۳ھ)
الجواب: اہل اسلام کو اس کا کھانا درست ہے ۔فقط
سوال:(۶۷) جو شخص ہولی دیوالی وغیرہ تہوارِ ہندوؤں کاپکوان وغیرہ کھاوے اور مرغ وغیرہ بکرامینڈھا کہ جس کے بارے میں قرآن شریف میں (مَا اُھِلَّ بِہٖ لِغَیْرِ اللّٰہِ) ہے اس کو کھاوے (تو اس کا کھانا جائز ہے یانہیں؟) (۷۰۲/۱۳۳۵ھ)
الجواب:کفار اگر اپنے تہوار دیوالی وغیرہ میں مسلمانوں کو کچھ ہدیہ مٹھائی وغیرہ کا ھسب رواج دیویں مسلمانوں کو اس کاکھانادرست ہے، یہ امر لائق اعتراض کے نہیں ہے، اور جو جانور بتوںپر چڑھایاجاوےیابتوں کے نام پر چھوڑا جاوے وہ (مَا اُھِلَّ بِہٖ لِغَیْرِ اللّٰہِ) ہے، اس کاکھانامسلمانوں کو درست نہیں ہے۔
ہندو اپنی شادی غمی میں مٹھائی یا کھانا بھیجے یادعوت کرے توکیاحکم ہے؟
سوال:(۶۸) …(الف) اگرہندو اپنی شادی غمی کی تقریب میں کوئی کھانا مٹھائی وغیرہ مسلمان کے یہاں بھیجے وہ کھانا پاک ہےیانہیں؟ اور اس کا کھانا شرعًا درست ہے یانہیں۔
(ب) اگر ہندو مسلمان کی دعوت کرے تواس کاکھانا درست ہے یانہیں ؟ جب کہ ان کے گھر مزامر، تاشہ، باجا وغیرہ نہ ہوتو ان کے گھر جاکرکھانا درست ہے یانہیں؟ اور اگر ہولیکن مکانِ دعوت میں نہ ہوتو کیاحکم ہے؟(۱۳۵۲/۱۳۳۸ھ)
الجواب: (الف) وہ کھانا پاک سمجھاجاتاہے اور مسلمانوں کو اس کا کھانا درست ہے۔
(ب)اگر باجامزامیر نہ ہوتوکچھ حرج نہیں ہے، اور جب کہ مزامیر مکانِ دعوت میں نہیں ہے تو گنجائش ہے کہ مسلمان وہاں کھانا کھالیویں۔فقط
(فتاویٰ دارالعلوم دیوبند، جلد نمبر۱۶)۔۔۔۔۔جاری ہے۔۔۔۔ ان شاء اللہ تعالیٰ

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button