مضامین

زکوٰۃ کے مصارف واحکامات-۴

زکوٰۃ کاروپیہ مردہ کے ایصال ثواب کیلئے دینا کیساہے
سوال:(۳۳۹) زکوٰۃ کاروپیہ مردہ کو دینا اس طورسے کہ اس کی طرف سے کھانا پکواکر فقیروں کودیاجائے جائز ہے یانہیں۔
الجواب: زکوٰۃ کاروپیہ مردہ کو دینا جس طریق سے آپ نے لکھاہے درست نہیں ہے، مردہ کی طرف سے اس روپئے کا کھانا پکواکر کھلایاجائے یاکپڑا محتاجوں کو دیاجائے ،غرض یہ ہے جس طرح دیاجائے اپنی طرف سے ہی زکوٰہ کی نیت سے دیاجاوے اس کاثواب کسی میت کو نہ پہنچایاجائے۔
پیشہ ورفقیروں کوزکوٰۃ دینا درست ہے یانہیں
سوال:(۳۴۰):جولوگ سوال پیشہ ہیں ان کو زکوٰۃ دینا درست ہے یانہیں۔
الجواب: ایسے فقیروں کو جن کا پیشہ مانگنے کاہے اور یہ معلوم ہے کہ یہ لوگ اکثر متمول ہوتے ہیں، دینا درست نہیں ہے۔
ہندوفقیر کو دینا کیساہے
سوال:(۳۴۱): ہندوفقیر کواللہ کے واسطے دینا یا زکوٰۃ دینا درست ہے یانہیں۔
الجواب: ہندوفقیر محتاج کو اللہ کے واسطے دینادرست ہے لیکن زکوٰۃ کاروپیہ ہندو کو دینا درست نہیں ہے۔
زکوٰۃ کے روپئے سے غریب لڑکیوں کی تعلیم درست ہے یانہیں
سوال:(۳۴۲)زکوٰۃ کے روپئے سے غریب لڑکیوں کی تعلیم مذہبی وتدریس جائز ہے یا نہیں۔
الجواب:زکوٰۃ میں تملیک شرط ہے یعنی کسی محتاج کواس کا مالک بنادینا چاہیے، پس غریب لڑکیوں کو اگر نقد یاکپڑا یا کھانا زکوٰۃ سے دیدیاجائے تودرست ہے۔لیکن معلمہ کی تنخواہ یادیگر ملازمین کی تنخواہ دینی زکوٰۃ سے درست نہیں ہے۔ اورباقی زکوٰۃ کے مسائل کی تحقیق اور اس کے مصارف کی تفصیل دہلی کے علماء سے پوری طرح تحقیق کرلئے جاویں، یابہشتی زیور وغیرہ کتابوں میں دیکھ لیاجاوے ، تحریر میں سب امور کالانا اور سمجھنا دشوارہے۔
زکوٰۃ کے مال سے کھانا پکاکر دینا یاکوئی چیز خریدکردیناکیساہے
سوال:(۳۴۳) زکوٰۃ کے مال کا کھانا پکاکر کھلادیاجائے یاکوئی چیز خرید کردی جائے یہ جائز ہے یانہیں۔
الجواب: درست ہے۔
ان رشتہ داروں میں سے کسے زکوٰۃ دینا درست ہے
سوال:(۳۴۴)اپنے ماں باپ یا خوشدامن وخسریاخالہ زاد ، یا چچازاد یا برادر وہمشیرہ خوردان کی اولاد ان میں سے کس کس کو زکوٰۃ کی رقم دینی یانہ دینی ہے۔
الجواب: ان مذکورین میں سے سوائے ماں باپ کے سب کوزکوٰۃ دینا درست ہے۔ فقط
بے نمازی کوزکوٰۃ دینا کیساہے
سوال:(۳۴۵) بے نمازی کوزکوٰۃ دینا جائز ہے یانہیں۔
الجواب: اگروہ بے نمازی محتاج ومصرف زکوٰۃ ہے تو دینا اس کو درست ہے۔
(فتاویٰ دارالعلوم دیوبند، جلد نمبر۶)

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button