احکامات حج-(فضائل ومسائل)-۲۱

حرمین شریفین کی نمازوں میں عورتوں کا مردوں کے برابرکھڑاہونا
مسجد حرام اور مسجد نبوی میں عورتیں بھی جماعت میں شرکت کرتی ہیں۔ اور حرم مکّی میں ہر چہار جانب دروازوں سے داخل ہوتے ہی عورتوں کی نماز کی جگہیں متعین ہیں جن میں کوئی مرد شامل نہیں ہوسکتا۔ اور پیتل کی سنہری الماریاں اس طریقہ سے کھڑی کردی گئی ہیں جن سے مثل دیوار کے آڑ بنی ہوتی ہے۔ اور مسجد نبوی کے طویل عریض مسقف حصہ کے دائیں اور بائیں دونوں جانب بڑے بڑے حصے عورتوں کے لئے متعین ہیں، جن میں مردوں کا قریب جانا بھی جُرم ہے۔ اس لئے مسجد نبوی میںمسئلہ بہت آسان ہے ۔ مگر حرم مکّی میں عورتوں کے لئے ہر چہارجانب انتظام کے باوجود نمازوں میں مردوں کے بیچ میں عورتوں کے اختلاط کا عجیب وغریب منظر پیش آتاہے۔ کہ عورتیں مردوں کی صفوں میں بلاتکلف شامل ہوکر نماز کے لئے کھڑی ہوجاتی ہیںاور ایک عورت کی وجہ سے تین مردوں کی نماز فاسد ہوجاتی ہے۔
۱ عورت کی داہنی جانب ۲ عورت کی بائیں جانب ۳ عورت کے پیچھے
کُل تین مردوں کی نماز ایک عورت کی وجہ سے فاسد ہوجاتی ہے۔
اور اگر دعورتیں ساتھ میں کھڑی ہوجائیں تو چارمردوں کی نماز فاسد ہوجائے گی۔ دو دائیں بائیں اور دوپیچھے کُل چار کی فاسد ہوجائے گی۔
محرم وغیر محرم اور بیوی ہرقسم کی عورت کا حکم یکساں
مسئلہ محاذاۃ میں یعنی عورتوں کا مردوں کے برابرکھڑے ہونے کے مسئلہ میں ہرقسم کی عورتوں کا حکم یکساں ہے کہ جس طرح اجنبی عورت کی وجہ سے مرد کی نماز فاسد ہوجاتی ہے، اسی طرح ماں بہن بہو بیٹی اور بیوی وغیرہ کی وجہ سے بھی مرد کی نماز فاسد ہوجاتی ہے۔ خاص طورپر حرم مکّی میں دیکھنے میں آتاہے کہ آدمی اپنی بیوی یا ماں یا بہن وغیرہ کو اپنے محاذ اور برابر میں کھڑی کرکے جماعت میں شریک ہوجاتاہے اور ساتھ ہی عورت بھی جماعت میں شریک ہوجاتی ہے، تو ایسی صورت میں مرد کی نماز فاسد ہوجاتی ہے۔ اس طرح سے مسجد حرام میں ہزاروں مرد اپنے آپ اپنی نمازیں فاسد کردیتے ہیں ۔ اس لئے ہر مرد کو اس مسئلہ کاخیال رکھنا ضروری ہے۔
مرد نے عورت کو پیچھے جانے کیلئے اشارہ کیا،عورت نہیں گئی تو عورت کی نماز فاسد
اگر نماز شروع ہوجانے کے بعد عورت، مرد کے برابر آکر کھڑی ہوجائے اور مرد نے عورت کو پیچھے جانے کے لئے اشارہ کیا، پھربھی عورت پیچھے کو نہیں گئی تو ایسی صورت میں مرد کی نماز فاسد نہیں ہوگی۔ بلکہ عورت کی نماز فاسد ہوجائے گی۔ ۔ ۔۔۔۔۔ (ماخوذ از کتاب انوارمناسک)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔(جاری ہے ان شاء اللہ تعالیٰ)۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔



