ناندیڑ

شوہر کو کرنٹ لگا کر ہلاک کرنے والی بیوی کو عمر قید کی سزا

ناندیڑ:۷؍مئی:شوہر کی جانب سے بار بار کردار پر شک کیے جانے سے تنگ آکر اسے بجلی کا جھٹکا دے کر قتل کرنے والی خاتون کو بھوکر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے 6 مئی کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ عمر قید کی سزا پانے والی ملزمہ کا نام آمراپالی بھیم راؤ ہیبتے (ساکن تلیگاؤں، تعلقہ امری) ہے۔استغاثہ کے مطابق، یہ لرزہ خیز واقعہ 15 جون 2019 کو پیش آیا تھا۔ مقتول بھیم راؤ ناگوراؤ ہیبتے نشے کی حالت میں گھر پہنچا اور بستر پر سو گیا۔ اسی دوران ملزمہ آمراپالی نے گھر کی بجلی کی تار کا استعمال کرتے ہوئے سوئے ہوئے شوہر کو زوردار کرنٹ لگایا، جس سے اس کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔جرم چھپانے کے لیے ملزمہ نے بڑی ہوشیاری سے کام لیا اور رشتہ داروں کو یہ بتایا کہ اس کے شوہر کی موت دل کا دورہ (ہارٹ اٹیک) پڑنے سے ہوئی ہے۔ تاہم، مقتول کی بہن اور دیگر رشتہ داروں کو اس اچانک موت پر شک ہوا، جس کے بعد پولیس میں شکایت درج کرائی گئی۔پولیس تحقیقات کے دوران کل 9 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے۔ اس کیس میں سب سے اہم موڑ اس وقت آیا جب خاتون کے اپنے بیٹے نے ماں کے خلاف گواہی دی۔ جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد، طبی رپورٹ اور بیٹے کی چشم دید گواہی کی بنیاد پر عدالت نے آمراپالی کو مجرم قرار دیا۔اس کیس کی تفتیش اس وقت کے پولیس انسپکٹر اتم منڈے نے کی تھی اور عدالت میں چارج شیٹ داخل کی تھی۔ سرکاری وکیل ایڈوکیٹ انورادھا ڈاؤکرے نے ٹھوس دلائل اور شواہد پیش کیے، جنہیں قبول کرتے ہوئے معزز عدالت نے ملزمہ کو عمر قید اور جرمانے کی سزا سنائی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button