تازہ ترینناندیڑ

ناندیڑ پولیس کی ریاست میں سب سے بڑی کارروائی؛ 4 ہزار 796 ہتھیار ضبط

ناندیڑ (تہلکہ نیوز بیورو)7؍مئی:ناندیڑ دیہی پولیس اسٹیشن کی حدود میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 43 لاکھ 48 ہزار روپے مالیت کا بھاری اسلحہ ذخیرہ ضبط کر لیا ہے۔ ریاست میں اب تک کی یہ سب سے بڑی کارروائی بتائی جا رہی ہے۔ اس معاملے میں ایک ملزم کو حراست میں لیا گیا ہے۔ اس کارروائی سے ضلع بھر میں سنسنی پھیل گئی ہے اور غیر قانونی اسلحہ فروشوں میں خوف کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق ناندیڑ دیہی پولیس اسٹیشن کے پولیس انسپکٹر اومکانت چنچولی کر کو غیر قانونی اسلحہ ذخیرہ کے بارے میں خفیہ اطلاع ملی تھی۔ اطلاع کی بنیاد پر انہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ منگل کی شب وزیرآباد پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع گوردوارہ علاقے میں چھاپہ مار کارروائی کی۔ چھاپے کے دوران بڑی تعداد میں دھاردار ہتھیار برآمد ہوئے۔اس کارروائی میں پولیس نے مجموعی طور پر 4 ہزار 796 ہتھیار ضبط کیے، جن میں تلواریں، کُپّیاں، خنجر اور مختلف اقسام کے دیگر دھاردار ہتھیار شامل ہیں۔ ضبط شدہ اسلحہ کی اندازاً بازار قیمت 43 لاکھ 48 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔بتایا جارہاہے کہ یہ ذخیرہ جسونت سنگھ پرکاش سنگھ سکھمنی (عمر 50 سال، ساکن رامداس نگر، ابچل نگر علاقہ، ناندیڑ)کاہے۔ اس معاملہ میں پولیس نےابھیجیت گری دھر ساتپوتے ساکن بلی رام پور کوحراست میں لیاہے۔پولیس یہ جانچ کر رہی ہے کہ اسلحہ اس کے پاس کیسے پہنچا، اسے کہاں فروخت کیا جانا تھا اور آیا اس ریکٹ میں مزید افراد ملوث ہیں یا نہیں۔ ضبط شدہ تمام اسلحہدیہی پولیس اسٹیشن کے احاطے میں محفوظ رکھا گیا ہے۔ابتدائی تفتیش میں پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ یہ اسلحہ کولمبیا، چین، امریکہ اور دیگر بیرونی ممالک سے لایا گیا ہو سکتا ہے۔ پولیس کے مطابق اس بڑی کارروائی سے ریاست میں غیر قانونی اسلحہ کے کاروبار پر روک لگانے میں مدد ملے گی۔ مزید تفتیش دیہی پولیس اسٹیشن کے پولیس انسپکٹر اومکانت چنچولی کر کر رہے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button