
ممبئی: (ایجنسیز)16 ستمبر: مہاراشٹر میں طویل عرصے سے زیر التوا مقامی خودمختار اداروں کے انتخابات کے انعقاد کے لیے ریاستی الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں جنوری 2026 کے آخر تک مہلت دینے کی درخواست داخل کی تھی۔ اس درخواست پر آج (منگل) سماعت کے دوران عدالتِ عظمیٰ نے کمیشن کو 31 جنوری 2026 تک مہلت دے دی ہے۔ اس مدت کے اندر کمیشن کو لازمی طور پر انتخابات مکمل کرانا ہوں گے۔اس فیصلے سے ریاستی الیکشن کمیشن کے ساتھ ساتھ ریاستی حکومت کو بھی بڑا راحت ملی ہے۔ کمیشن نے اپنی درخواست میں ملازمین کی کمی، ای وی ایم مشینوں سے متعلق مسائل، تہواروں اور دیگر وجوہات کا حوالہ دیا تھا۔ عدالت نے یہ دلائل تسلیم کرتے ہوئے مہلت منظور کی۔یاد رہے کہ ریاست میں مقامی خودمختار اداروں کے انتخابات گزشتہ چار تا پانچ برسوں سے او بی سی ریزرویشن اور دیگر مسائل کے باعث بار بار مؤخر ہوتے آرہے ہیں۔ سپریم کورٹ نے رواں سال مئی میں ہوئی سماعت کے دوران ان انتخابات پر سے پابندی ہٹا دی تھی اور چار ماہ کے اندر، یعنی اکتوبر 2026 تک انتخابی عمل مکمل کرنے کا حکم دیا تھا۔ اسی کے تحت وارڈ بندی، ریزرویشن اور ووٹر لسٹ کی تازہ کاری جیسے مراحل شروع کیے گئے تھے۔ تاہم، ملازمین کی کمی سمیت دیگر وجوہات پیش کرتے ہوئے کمیشن نے مزید وقت مانگا تھا جسے آج عدالت نے منظوری دے دی۔اب ریاست کے تمام مقامی اداروں کے انتخابات 31 جنوری 2026 تک لازمی طور پر مکمل کیے جائیں گے۔



