نماز کے فرائض، واجبات اور سنتیں-۵

چاررکعت فرض میں دوخالی اور دوبھری کیوں ہیں؟
سوال:(۲۵۷)چار رکعت فرض میں دوخالی اور دوبھری [کس وجہ سے] (۱) مقرر ہوئی ہیں؟(۲۰۸/۲۹-۱۳۳۰ھ)
الجواب:نماز فرض میں دو رکعت بھری اور دوخالی احادیث سے ثابت ہیں، اور جناب رسول اللہ ﷺ نے ایسا ہی کیاہے(۲) لہٰذا ہم کو بھی ایسا ہی کرنا چاہیے، چوں وچرا اس میں مناسب نہیںہے۔ فقط واللہ تعالیٰ اعلم (۲/۲۴۸)
سوال:(۲۵۸) دورکعت خالی اور دورکعت بھری کیوں پڑھی جاتی ہیں؟( ۱۶/۱۳۳۵ھ)
الجواب:احادیث اور آثار صحابہؓ سے ایسا ثابت ہے کہ آنحضرتﷺ نے دورکعت میں الحمداور سورت پڑھی اور آخر کی دورکعت میں صرف الحمد پڑھی، اس واسطے حنفیہ نے اس کو اختیار کیا ہے(۳) فقط واللہ تعالیٰ اعلم (۲/۱۷۵)
کیا ہرمکروہ تحریمی سے نماز کا اعادہ واجب ہے؟
سوال:(۲۵۹) ہرمکروہ تحریمی فعل سے نماز کااعادہ واجب ہےیانہیں؟(۱۷۲۵/۱۳۳۷ھ)
الجواب:مکروہ تحریمی فعل سے بے شک اعادہ نماز کاواجب ہوتاہے(۱) اور تفصیل کا اس وقت موقع نہیں ہے۔ فقط واللہ تعالیٰ اعلم (۲/۱۵۶)
بغیر تعدیل ارکان جو نمازیں پڑھی گئیں ان کا کیاحکم ہے؟
سوال:(۲۶۰) ایک شخص کی عمر بیس [برس] (۲) کی ہے، اس عرصہ [تک](۲) اس نے کوئی نماز درست نہیںپڑھی، صرف دوٹکر مارکرنماز ختم کردیتاہے، یہ نمازیں ہوئیں یا نہیں؟ اگر اعادہ کرے تو صرف فرض ہی اداکرے یاسنت بھی ؟(۷۵۲/۱۳۳۵ھ)
الجواب: جونمازیں تعدیل ارکان کے ساتھ ادانہیں ہوئیں اگرچہ وہ ہوگئی ہیں، لیکن ان کا (۳) دہرالینا اچھا ہے(۴) فرض اور وتر کااعادہ کرلے سنتوں کااعادہ نہ کرے۔ فقط (۲/۱۵۶)
[فتاویٰ دارالعلوم دیوبند، جلد نمبر۲]۔۔۔۔جاری ہے۔۔۔۔ ان شاء اللہ تعالیٰ



