مضامین

نماز کے فرائض، واجبات اور سنتیں-۲

عورتوں کا بلاعذر بیٹھ کر نماز پڑھنا درست نہیں
سوال:(۲۴۷) یہاں رواج ہے کہ عورتیں بیٹھ کر نماز پڑھتی ہیں ، نماز ہوجاتی ہے یانہیں؟(۹۵۸/۱۳۴۱ھ)
الجواب: جب تک کھڑے ہونے کی طاقت ہو بیٹھ کر نماز پڑھنا درست نہیں ہے، پس بلاعذرقوی عورتوں کا بیٹھ کر نماز پڑھنا کسی طرح درست نہیں ہے اور نماز نہیں ہوتی (۲) فقط (۲/۱۵۲)
کیا اس شخص کے لیے بیٹھ کر نماز جائز ہے جو چلتا پھرتاہے؟
سوال:(۲۴۸)جو شخص چل پھر کر اچھی طرح اپنی ضرورت پوری کرسکے اور وہ بیٹھ کر نماز پڑھے تودرست ہے یانہیں ؟(۹۵۲/۱۳۳۷ھ)
الجواب: اگروہ کھڑاہوکر نماز پڑھ سکتا ہے توبیٹھ کر نماز فرض پڑھنا درست نہیں ہے(۲) فقط واللہ تعالیٰ اعلم (۲/۱۵۴)
قعدہ اخیرہ میں سوجائے اور امام کے ساتھ سلام پھیرے تونماز ہوگی یانہیں؟
سوال:(۲۴۹) زید نے جماعت سے نماز پڑھی، قعدہ اخیرہ میں سوگیا، اور امام کے ساتھ سلام پھیرا، لیکن مقدار تشہد بعدبیدارہونے کے نہیں بیٹھا، زید کی نماز ہوئی یانہیں ؟
(۱۳۵۹/۱۳۳۵ھ)
الجواب:احوط یہ ہے کہ اعادہ قعدہ کا کیاجاوے، ورنہ نماز نہ ہوگی، اور شیخ ابن ہمام کی تحقیق سے جواز مفہوم ہوتاہے اور قواعد فقہیہ سے عدم جواز ظاہر ہوتا ہے ،لہٰذا احوط ثانی ہے۔ والتفصیل فی الشامی (۱) فقط واللہ تعالیٰ اعلم (۲/۱۵۳)
[فتاویٰ دارالعلوم دیوبند، جلد نمبر۲]۔۔۔۔جاری ہے۔۔۔۔ ان شاء اللہ تعالیٰ

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button