مکروہ اور مُباح امور کابیان-۹

کبوتر کا گوشت کھانا جائز ہے
سوال:(۴۹)ایک شخص کہتاہے کہ کبوتر کا گوشت حرام ہے، کیونکہ وہ غیر کاحق کھاتاہے ، یہ صحیح ہے یانہیں؟ جانور تو سب ایسے ہی ہوتے ہیں۔(۲۸۹/۳۵-۱۳۳۶ھ)
الجواب: یہ وہم غلط ہے، جانور مکلّف نہیں ہیں۔ فقط
شکر قندی اوربڑھل کھانا حلال ہے
سوال:(۵۰) زمن قند[شکرقندی]اور بڑھل کاکھانا حلال ہےیانہیں؟(۹۱۴/۱۳۴۰ھ)
الجواب: زمین قند اور بڑھل حلال ہیں۔
مٹی کھانا کیساہے؟
سوال:(۵۱) مٹی کاکھانا کیساہے؟(۴۴۳/۱۳۳۸ھ)
الجواب:مٹی کاکھانا بہ وجہ مضرت کے ممنوع ہے ، اس لیے اگر قلیل یامخلوط ہوتو درست ہے۔(۱)
شکر وچینی کھانا درست ہے
سوال:(۵۲) انگریزی شکر، چینی کی بابت مجھ کو ایک ملازم کارخانہ ہڈی اور دیگر افواہ عامہ سے معلوم ہوا ہے کہ بہ وقت تیار شکر مذکور کے ہڈی کے ذریعہ سے صفائی کی جاتی ہے، اس لیے عرصہ سے اس کا استعمال ترک کردیا ہے، اگر دیگر شیرینی وغیرہ میں اس کی آمیزش کا شک ہوتا ہے وہ بھی داخل پرہیز ہوتی ہے، ہڈی حرام حلال ہرقسم کےجانوروں کی مذبوح ومردار کی جمع ہوکر کارخانہ میں آتی ہے، اب آپ فرمائیے کہ اس کا استعمال درست ہے یانہیں؟
(۲۳۷/۲۹-۱۳۳۰ھ)
الجواب: شکر وچینی کھانا درست ہے، اگرہڈی جانور وں کی اس میں ڈالی جاتی ہے تو اول تو سوائے خنزیر کے کسی جانور کی ہڈی ناپاک نہیں اورناپاک ہڈی جل کر اور خاکستر ہوکر پاک ہوجاتی ہے اگرچہ وہ خنزیر کی ہو، اس میں شک وتردد فضول ہے۔ کما قال فی الدرّ المختار (۱) فقط
اس شبہ کی وجہ سے کہ چرخی اور برتنوںکو کتے چاٹتے ہیں بازار کی شکر اورگڑناپاک نہیں
سوال:(۵۳) جس چرخی میں گنوںکا رس نکالتےہیں اور جن برتنوںمیں گڑمٹھائی بناتے ہیں ان سب برتنوںکو کتے چاٹتے ہں، یہ گڑوغیرہ پاک ہے یاناپاک؟
(۱۱۷۱/۳۲-۱۳۳۳ھ)
الجواب:قواعد شرعیہ(۲) سے وہ گڑ وغیرہ پاک ہے کھانا اس کا درست ہے۔ فقط
سوال:(۵۴) رس نکالنے کی چرخی کوشب وروز کتے چاٹتےہیں اور جن برتنوں میں رس ڈالا جاتاہے اور گڑ وغیرہ بنایاجاتاہے ان کوبھی کتے چاٹتے ہیں اور ان کو پاک نہیں کیاجاتاہے، اور وہ گڑ اور مٹھائی بازاروں میں فروخت ہوتاہے اس کاکھانا جائز ہے یانہیں؟(۲۴۳۷/۳۲-۱۳۳۳ھ)
الجواب: ایسے شبہات سے بازار کی شکر اورگڑ ناپاک نہیں سمجھا جاتا۔ فقط
(فتاویٰ دارالعلوم دیوبند، جلد نمبر۱۶)۔۔۔۔۔جاری ہے۔۔۔۔ ان شاء اللہ تعالیٰ



