ماں باپ اور اولاد کے حقوق واحکام-۴

ماں باپ کوگالی دینااورمارنا حرام ہے
سوال:(۹۹۶)زیدکے دوبیٹے ہیں خالد اور ولید، زید کو بلاعذر شرعی سب وشتم اور زدوکوب کرتے ہیں، عندالشرع خالد اور ولید معقوق ہیں یانہیں؟(۴۴۰/۱۳۳۷ھ)
الجواب: قَالَ اللہُ تَعَالیٰ: وَلَا تَقُلْ لَّھُمَأ اُفٍّ (سورۂ بنی اسرائیل، آیت ۲۳)
یعنی ماں باپ کو اف بھی نہ کہو، پس سب وشتم کرنا اور زدوکوب کرنا ان کو قطعًا حرام ہے، اور ایسی اولاد عقوقِ والدین کے سخت جر م میں گرفتار ہے، اس سے توبہ کرنا اور معاف کرانالازم ہے۔ فقط
محتاج والدین کانفقہ اولاد پر واجب ہے
سوال:(۹۹۷)اپنی کمائی میں سے والدین کو کچھ مل سکتاہے یانہیں؟ اگر والدین فقیر ہوں تو اولاد مقدم ہے یاوالدین ؟(۲۶/۳۲-۱۳۳۳ھ)
الجواب: والدین اس کے اگر محتاج ہیں ان کا خرچ اور نفقہ بیٹے پرواجب ہے، و نیز عیال و اطفال کوبھی دیوے اور والدین کوبھی دیوے، سب کانفقہ اس پر لازم ہے۔ وتجب علی موسرٍ الخ النّفقۃ لاصولہ…الفقراء ولو قادرین علی الکسب الخ(۱) (درمختار) فقط واللہ تعالیٰ اعلم
سوال:(۹۹۸) بیٹے کی کمائی سے والدین کے کیا حقوق ہونے چاہئیں؟(۹۵۵/ ۴۴-۱۳۴۵ھ)
الجواب: حدیث شریف میں ہے: أنْتَ وَمَالُکَ لأ بیک (۲) پس والدین اگرمحتاج ہوں تو بیٹے پر ان کانفقہ لازم ہے، اور ان کی خدمت واجب ہے۔ فقط
(فتاویٰ دارالعلوم دیوبند ،جلد ۱۶)۔۔۔۔۔جاری ہے۔۔۔ ان شاء اللہ تعالیٰ



