مضامین

حضرات صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین کے قبول اسلام کے واقعات۴

اسلام عبداللہ بن سلام رضی اللہ عنہ وادخلہ دارالسلام
عبداللہ بن سلام رضی اللہ عنہ توریت کے بڑے زبردست عالم تھے۔ آپ حضرۃ یوسف علیہ الصلوٰۃ والسلام کی اولاد میں سے تھے۔ آپ کا اصل نام حُصَین تھا۔ اسلام لانے کے بعد رسول اللہ ﷺ نے عبداللہ بن سلام نام رکھا۔ عبداللہ بن سلام رضی اللہ عنہ اپنے اسلام لانے کا واقعہ اس طرح بیان فرماتے ہیں کہ جب رسول اللہ ﷺ مدینہ منورہ تشریف لائے تو میں آپ کی تشریف آوری کی خبر سنتے ہی آپ کے دیکھنے کیلئے حاضر ہوا۔
فلما رأت وجہہ عرفت ان وجہہ لیس بوجہ کذاب
آپ کے چہرہ انور کودیکھتے ہی پہچان لیاکہ یہ چہرہ جھوٹے کاچہرہ نہیں۔
دردل ہرامتی کز حق مزہ است 

روئے وآواز پیمبر مجزہ است
چون شودازرنج وعلت دل سلیم

طعم صدق وکذب راباشد علیم
پہلاکلام جو آپ کی زبان سے سنا وہ یہ تھا۔
يا أيها الناس، أطعموا الطعام، وأفشوا السلام، وصِلُوا الأرحام، وصَلُّوا بالليل والناسُ نيام، تدخلوا الجنة بسلام(أخرجه الترمذي، والحاكم وصححاه)
اے لوگوں آدمیوں کو کھاناکھلایاکرو اور آپس میں سلام کوپھیلاؤ اور صلہ رحمی کرو اور رات میں نماز پڑھو جب کہ لوگ خدا سے غافل سورہے ہوں ، تم جنت میں سلامتی کے ساتھ داخل ہوگے۔ اس حدیث کوترمذی اورحاکم نے روایت کیاہے اور دونوںنے اس حدیث کو صحیح بتایاہے۔
دلائل بیہقی میں عبداللہ بن سلام سے مروی ہے کہ میں رسول اللہ ﷺ کانام اور آپ کی صفت اور آپ کا حلیہ پہلے ہی سے جانتاتھا مگر کسی سے ظاہر نہیں کرتاتھا۔
جب آپ مدینہ منورہ تشریف لائے اور میں نےآپ کی خبر سنی تو میں اس وقت ایک کھجور کے درخت پر چڑھاہواتھا وہیں سے خوشی میں اللہ اکبر کا نعرہ لگایا۔
میری پھوپھی خالدہ بنت حارث نے کہا اگر تو موسیٰ علیہ السلام کی خبر سنتاتو اس سے زیادہ خوش نہ ہوتا میں نے کہا،ہاں، خدا کی قسم یہ بھی موسیٰ ؑ کے بھائی ہیں وہی دین دے کر بھیجے گئے ہیں جو موسیٰ علیہ السلام دے کر بھیجے گئے تھے۔ میری پھوپھی نے کہا ۔۔۔اے میرے بھتیجے کیا یہ وہی نبی ہیں جن کی ہم خبریں سنتے آئے ہیں کہ وہ قیامت کے سانس کے ساتھ مبعوث ہوں گے۔ میں نے کہاہاں یہ وہی نبی ہیں۔ میں گھر سے نکل کر آپ کی خدمت میں حاضر ہوا اور مشرف باسلام ہوا اور واپس آکر اپنے تمام اہل خانہ کو اسلام کی دعوت دی۔ سب نے اسلام قبول کیا۔[سیرۃ المصطفیٰﷺ،جلد ۱]

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button