زکوٰۃ کے مصارف واحکامات-۲

خوش دامن کو زکوٰۃ دینی درست ہے یانہیں
سوال:(۳۱۷) خوش دامن کوزکوٰۃ دینی جائز ہے یانہیں۔
الجواب:اپنی خوش دامن کو جب کہ وہ مالک نصاب نہ ہوزکوٰۃ دینا جائز اور درست ہے مگر اس کو بالکل مالک بنادیاجاوے جہاں چاہے خرچ کرے۔
بغیر زکوٰۃ کانام لئے رقم دینے سے زکوٰۃ ادا ہوجائے گی یانہیں
سوال:(۳۱۸) اگراپنا عزیز زکوٰۃ کے نام سے روپیہ لیتا ہواشرماوے اس کو اس طرح سے کہہ کر زکوٰہ دینا (کہ اس کے کپڑے بنوالینا بچوں کے کپڑے بنوادینا) درست ہے یانہیں۔
الجواب: اس طرح دینی درست ہے اور زکوٰۃ ادا ہوجاتی ہے، اپنی نیت دل میں زکوٰہ کی کرلینا کافی ہے جس کو دی جاوے اس پر ظاہر کرنےکی ضرورت نہیں ہے۔ فقط
رقم مسکین کے ہاتھ میں نہ دی اس کے حکم سے ٹکٹ خرید کر دیدیا تو زکوٰۃ ادا ہوئی یانہیں
سوال:(۳۱۹) ایک سیٹھ صاحب زکوٰۃ اس طرح مسکینوں ،مسافروں کو دیتےہیں کہ جس جگہ مسافر مسکین کو جانا ہوتاہے اپنے آدمی کواس کے ہمراہ بھیج کر اسٹیشن سے ٹکٹ دلادیتے ہیں اور نقد پیسے اس کے ہاتھ میں نہیں دیتے۔ اگر مسافر کسی عذرکی وجہ سے نہ جاوے اور ٹکٹ ردی ہوجاوے تو اس سیٹھ صاحب کی زکوٰۃ اداہوگی یانہیں۔
الجواب: وہ آدمی سیٹھ صاحب کاجب کہ اس مسکین کی اجازت سے ٹکٹ خریدتا ہے تووہ آدمی نائب اور وکیل اس مسکین کاقبض زکوٰۃ اور خرید ٹکٹ میں ہوجاتاہے جیسا کہ وہ آدمی وکیل اور نائب سیٹھ صاحب کا ہے لہٰذا زکوٰۃ سیٹھ صاحب مذکور کی اس صورت میں ادا ہوجاتی ہے پھر اگر وہ مسافر بوجہ کسی عذر کے سفر میں نہ جاوے اور ٹکٹ ردی ہوجاوے تب بھی زکوٰۃ اداہوچکی ۔ فقط
مدرسہ میں زکوٰۃ کہاں اور کس طرح خرچ ہوگی
سوال:(۳۲۰) اگرمدرسہ کی حالت تنزل پرہوتواس میں مال زکوٰۃ صرف کرنا کس طرح اور کس مد میں درست ہے۔
الجواب: ایسی صورت میں حیلہ تملیک کرکے زکوٰۃ کے روپے کو جس مد میں چاہیں صرف کرسکتےہیں اور حیلہ تملیک یہ ہے کہ زکوٰۃ کاروپیہ کسی ایسے شخص کی ملک کردیاجائے جوکہ مالک نصاب نہ ہو پھر اس کی طرف سے مصارف زکوٰۃ میں صرف کردیوے۔ فقط
(فتاویٰ دارالعلوم دیوبند، جلد نمبر۶)



