ناندیڑ

ناندیڑ ضلع میں سیلابی خطرہ، انتظامیہ نے عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت دی

ناندیڑ،(تہلکہ نیوز) 27؍ستمبر:ر گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ناندیڑ ضلع کے مختلف تعلقہ جات میں شدید بارش کے سبب ندی نالے بپھر گئے ہیں۔ زیادہ تر چھوٹے بڑے ڈیم لبریز ہوچکے ہیں اور ان سے پانی کا اخراج جاری ہے۔ گوداوری ندی کا پانی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہا ہے۔ ناندیڑ موسمیات محکمہ کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے شہریوں سے خصوصی احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔کلکٹر ناندیڑ نے کہا ہے کہ سیلابی صورتحال کے سبب ندی نالوں کے قریب رہائش پذیر شہری گھروں سے غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں اور اپنی جان و مال کی حفاظت کے لئے درج ذیل احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

عوام کے لئے احتیاطی ہدایات:

  1. قیمتی سامان، دستاویزات اور ضروری اشیاء کو محفوظ مقام پر منتقل کریں۔

  2. ندی نالوں کے قریب یا نشیبی مقامات پر نہ جائیں۔

  3. بچوں اور مویشیوں کو محفوظ مقام پر رکھیں۔

  4. بجلی کے تاروں، کھمبوں اور کرنٹ زدہ جگہوں سے دور رہیں۔

  5. مقامی انتظامیہ کے احکامات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ضلع ایمرجنسی کنٹرول روم سے رابطہ کریں۔

  6. سیلابی پانی کو عبور کرنے کی کوشش نہ کریں اور محفوظ راستوں کا استعمال کریں۔

  7. ریڈیو، موبائل وغیرہ کے ذریعے محکمہ کی ہدایات پر نظر رکھیں۔

عوام کو کیا نہیں کرنا چاہیے:

  • سیلابی پانی میں بغیر ضرورت کے داخل نہ ہوں۔

  • افواہوں پر یقین نہ کریں اور غیر مصدقہ اطلاعات نہ پھیلائیں۔

  • بجلی کی لائنوں اور گیلی دیواروں کے قریب نہ کھڑے ہوں۔

  • بچوں کو ندی یا تالاب کے قریب جانے نہ دیں۔

ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر ریلیف اور ریسکیو ٹیمیں فوری حرکت میں آئیں گی۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ صبر و تحمل کے ساتھ حالات کا سامنا کریں اور خود کو محفوظ رکھنے میں انتظامیہ کی مدد کریں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button