
ناندیڑ:(نامہ نگار)4؍مئی:ناندیڑ میونسپل کارپوریشن میں پیر کے روز پیش آنے والی ڈرامائی پیش رفت کے بعد ایم آئی ایم کے کارپوریٹرمسعود احمد خان کو اپوزیشن لیڈر مقرر کیے جانے کا اعلان کر دیا گیا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی میئر کویتا سنتوش مُلے نے باضابطہ طور پر مسعود احمد خان کو اپوزیشن لیڈر کے طور پر منظوری دی۔میونسپل کارپوریشن میں ایم آئی ایم کے کل 14 کارپوریٹر ہیں۔ دوسری جانب کانگریس اور ونچت بہوجن آگھاڑی کی جانب سے بھی اپوزیشن لیڈر کے عہدے پر دعویٰ پیش کیا گیا تھا، تاہم میئر کے فیصلے کے بعد یہ عہدہ ایم آئی ایم کے حصے میں آیا۔ تقریب کے دوران میئر کویتا سنتوش مُلے، ڈپٹی میئر دیپک سنگھ راوت، گروپ لیڈر ایڈوکیٹ مہیش کنک ڈندے اور اسٹینڈنگ کمیٹی کے صدر وریندر سنگھ گاڑی والے نے مسعود احمد خان کو تقرری نامہ پیش کیا۔ اس موقع پر بی جے پی اور ایم آئی ایم کے کارپوریٹرس کی بڑی تعداد موجود تھی۔ناندیڑ میونسپل کارپوریشن میں پارٹی پوزیشن اس طرح ہے: بھارتیہ جنتا پارٹی کے 45 کارپوریٹر منتخب ہوئے ہیں، جبکہ شیو سینا (شندے گروپ) کے پانچ کارپوریٹرس نے بھی بی جے پی کو حمایت دی ہے۔ ایم آئی ایم کے 14، انڈین نیشنل کانگریس کے 10، ونچت بہوجن آگاڑی کے 5 اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے 2 کارپوریٹر کارپوریشن میں شامل ہیں۔وہیں کانگریس اور ونچت بہوجن آگھاڑی نے میئر کے اس فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کرنے کا انتباہ دیا ہے۔واضح رہے کہ ناندیڑ میونسپل کارپوریشن میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے کو لے کر تنازع نیا نہیں ہے اور ماضی میں بھی اس نوعیت کے اختلافات سامنے آتے رہے ہیں۔ اب کانگریس اور ونچت بہوجن آگھاڑی کے ممکنہ عدالتی اقدام کے بعد یہ معاملہ مزید طول پکڑنے کے امکانات ہیں۔



