احکامات حج-(فضائل ومسائل)-۲۰

حالت احرام میںخوشبو لگانا
حالت احرام میں خوشبو لگانے میں مرد و عورت دونوں کاحکم یکساں ہے۔ بالقصد یا بلاقصد ، یا کسی کی زبردستی سے خوشبو لگائی، ہرصورت میں جرمانہ لازم ہوتاہے۔ نیز بدن اور کپڑے دونوں پر لگانا ممنوع ہے۔ لہٰذا اگر کسی بڑے عضوپر یعنی سر، چہرے، پنڈلی ، ران، بازو، ہاتھ، ہتھیلی میں سے کسی پر خوشبو لگائی ہے۔ یا ایک سے زیادہ اعضاءپر خوشبو لگائی ہے توجرمانہ مین دام واجب ہوگا۔ چاہے پورے دن لگائے رکھی ہو یا تھوڑی دیر کیلئے ہرصورت میں دم لازم ہوگا جبکہ خوشبو نمایاں ہو۔اور اگر چھوٹے اعضاء مثلاً ناک، کان، آنکھ، انگلی وغیرہ میں لگائی ہے تو ایک صدقہ فطر لازم ہوگا۔(معلم الحجاج ۲۲۸)
نوٹ: یہ مسئلہ اور آگے آنے والے دومسئلے حالت احرام میں خوشبو لگانے کے عنوان کے تحت مفصل بیان کئے گئے ہیں۔ اور یہاںپر ممنوعاتِ احرام کے ذیل میں بھی شمار کردیئے ہیں۔
عورت کا حالتِ احرام میں مہندی لگانا
اگر عورت نے حالت احرام میں ہتھیلی یا پیر میں مہندی لگائی ہے توجرمانہ میں دم دینا لازم ہوگا۔(مستفاد معلم الحجاج ۲۲۹)
حالت احرام میں عطّار کی دوکان میں بیٹھان
اگرحالت احرام میں عطار کی دوکان میں بیٹھتا ہے اور اپنے بدن یا کپڑے پر عطر نہیں لگایاہے تو کوئی جرمانہ لازم نہ ہوگا البتہ سونگھنے کی نیت سے بیٹھنا مکروہ ہے، مگر کوئی کفارہ لازم نہیں ہے۔ (مستفاد معلم الحجاج ۲۲۹)
حالت احرام میںسر یا چہرہ ڈھکنا
حالت احرام میں سرکا ڈھکنا عورت کیلئے بلاکراہت جائز ہے ۔ بلکہ عورت پر لازم ہے اور مرد کیلئے سرڈھکنا جائز نہیں۔ اور اسی طرح چہرہ کا ڈھکنا بھی جائز نہیں ۔ لہٰذا اگر ایک دن کامل یا ایک رات کامل یا اس مقدار یعنی بارہ گھنٹہ سریاچہرہ ڈھکے گا تو دم دینا لازم ہوگا ، اور ایک دن یا رات یعنی بارہ گھنٹہ سے کم اور ایک گھنٹہ سے زائد ہے تو ایک صدقۂ فطر واجب ہوگا اور ایک گھنٹہ سے کم ہے تو ایک دو مٹھی گیہوں یا اس کی قیمت صدقہ کردے، چاہے جان بوجھ کر ڈھکا ہو یا بھول کر ہر صورت میں کفارہ لازم ہے۔ اور ایسے ہی اگرکسی نے زبردستی سریاچہرہ پر کپڑا ڈال دیا ہویا سوتے ہوئے کسی نے ڈال دیا ہوتب بھی کفارہ لازم ہوگا۔
(نوٹ):اس مسئلہ میں حجاج کرام سے زیادہ غلطیاں ہوتی ہیں کہ منٰی میں اکثر حجاج کرام کو حالت احرام میں سوتے ہوئے یا چہرہ پر کپڑے ڈالے ہوئے نظرآتے ہیں۔ اس لئے اس کا دھیان رکھنا ضروری ہے۔
سونے کی حالت میں سریاچہرہ پر چادر ڈالنا
اگرحالت احرام میں سونے کی حالت میں سریاچہرہ پر چادر ڈال لی ہے تو کفارہ لازم ہوجائے گا۔ لہٰذا اگر پورا سریاچوتھائی سر اور اسی طرح پوراچہرہ یا چوتھائی چہرہ سونے کی حالت میں بارہ گھنٹہ تک ڈھک رکھاہے تودم واجب ہوجائے گا۔ اور اگر بارہ گھنٹہ اور ایک گھنٹہ کے درمیان کا وقت ڈھک رکھاہے توایک صدقۂ فطر واجب ہوجائے گا اور ایک گھنٹہ سے کم ہوتو ایک دو مٹھی گیہوں یا اس کی قیمت صدقہ کردے، اسی طرح اگر سونے کی حالت میں کسی دوسرے شخص نے ڈھک دیاہے یا بے خیالی میں ڈھ لیاہے ، ہر صورت میں مذکورہ تفصیل کے مطابق دم یا صدقہ لازم ہوجائے گا۔ ۔ ۔۔۔۔۔ (ماخوذ از کتاب انوارمناسک)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔(جاری ہے ان شاء اللہ تعالیٰ)۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔



