احکاماتِ جمعہ-۵

جمعہ کاوقت
سوال:(۲۵۴۱) درمختار میں منقول ہے کہ نماز جمعہ کے وقت سے کسی کو آگاہی نہیں، علماء کا اتفاق اس بات پر ہوچکا ہے کہ بوقت ظہر نماز جمعہ ادا کی جائے نماز جمعہ کا کونسا وقت ہے؟
الجواب:درمختار کی عبارت یہ ہے وجمعتہ کظھر اصلاً واستحبابًا اس کا حاصل یہ ہے کہ جمعہ کا وقت وہی ہے جو ظہر کا ہے۔ سائل نے جو یہ لکھا ہے کہ درمختار میں لکھا ہے کہ نماز جمعہ کے وقت سے کسی کوآگاہی نہیں ہے الخ یہ بالکل غلط ہے ۔ درمختار میں کہیں ایسانہیں ہے۔
آیت صلّوعلیہ وسلّمو بآواز درود پڑھنا کیسا ہے
سوال: (1/۲۵۸۷) یہاں کے مسلمانوںمیں یہ دستور ہے کہ خطبہ میں جب امام آیت یا ایھا الذین اٰمنواصلّواعلیہ وسلمواتسلیما الآیۃ پڑھتا ہے تو سب مقتدی درود شریف زور سے پڑھتے ہیں ، یہ جائز ہے یانہیں؟
اذان خطبہ کاجواب اورا سکے بعد دعا
سوال:(۲/۲۵۸۸) خطبہ کی اذان کاجواب دیتے ہیں اوربعد ختم اذان کے دعا پڑھتے ہیں، یہ جائز ہے یانہیں۔
ختم سنت کے بعد اجتماعی دعابدعت ہے
سوال:(۳/۲۵۸۹) نما زختم ہونے کے بعد جب امام سنتوں سے فارغ ہوجاتاہے تو زور زور سے دعامانگتاہے اورجومقتدی فارغ ہوچکے ہوتے ہیں وہ اس کے ساتھ دعاء میں شریک ہوتے ہیں یہ دعاء لمبی چوڑی ہوتی ہے اور اس کوضروری سمجھتے ہیں۔ ان امور متذکرہ بالا کا کیا حکم ہے؟
الجواب:(۱) یہ جائز نہیں ہے بلکہ کتب فقہ میں لکھاہے کہ اس وقت درودشریف دل سے پڑھے زبان سے نہ پڑھے۔(لایصلواعلیہ بالجھر بل یالقلب۔شامی ،صفحہ ۸۵۷)
(۲)یہ بھی جائز نہیں ہے ۔ قال فی الدرالمختار ۔وينبغي أن لا يُجيب بلسانه اتفاقًا الأذان بين يدي الخطيب،جلد ۱، صفحہ ۳۷۱)
(۳) یہ امربھی سنت سے ثابت نہیں لہٰذا بدعت ہے اس کو ترک کیاجائے۔ بدعت کی مذمت میں احادیث بکثرت وارد ہیں اور قبح اس کاظاہر ہے اور جس امر سے نمازیوں کی نماز میں خلل ہو اس کو فقہاء منع لکھتے ہیں پس اصرار کرنا ایک امربدعت پرنہایت مذموم ہے۔ قال علیہ الصلوٰۃ والسلام کل بدعۃ ضلالۃ الھدیث وقال علیہ السلام من احدث فے امرنا ھذا مالیس منہ فہوردالحدیث۔فقط واللہ تعالیٰ اعلم
[فتاویٰ دارالعلوم دیوبند، جلد نمبر۵]۔۔۔۔جاری ہے۔۔۔۔ ان شاء اللہ تعالیٰ



