احکامات حج- (فضائل ومسائل)-۲

حج اسلام کا اہم ترین فریضہ اور عشقیہ عبادت ہے۔ اس میں لاپرواہی کرنے والوں پر بہت سی وعیدیں آئی ہیں۔ اور اسکا اہتمام کرنے والوں کیلئے بیشمار اجر وثواب کا وعدہ ہے۔ امام طبرانیؒ نے المعجم الکبیر میں حضرت عبداللہ بن عباسؓ سے ایک حدیث شریف نقل فرمائی کہ جو شخص مکۃ المکرمہ سے عرفات تک سَواری پر چل کر حج کرے گا اس کو سواری کے ہر قدم پر ستر(۷۰) ستر(۷۰) نیکیاں ملتی ہیں۔ اور جو شخص مکۃ المکرمہ سے عرفات تک پیدل چل کر حج کرے گا اس کو ہر قدم پر سات سو(۷۰۰) نیکیاں ملتی ہیں۔
اور امام حاکم شہید نے مستدرک حاکم میں اور امام ابوبکر بیہقی ؒ نے شعبُ الایمان میں سند صحیح کے ساتھ ایک حدیث شریف نقل فرمائی کہ جو شخص مکۃ المکرمہ سے عرفات تک پیدل چل کر حج کریگا اس کو ہر قدم پر سات سو(۷۰۰) نیکیاں ملتی ہٰن۔ اور حرم مقدس کی ہر نیکی کے بدلہ میں ایک لاکھ نیکیاں ملتی ہیں۔ اور ایک لاکھ کو سات سو میں ضرب دیاجائے تو سات کروڑ ہوجاتے ہیں۔ لہٰذا مکۃ المکرمہ سے عرفات تک پیدل چل کر حج کرنے سے ہرقدم پر سات کروڑ نیکیاں ملتی جائیں گی۔
یہ حق تعالیٰ کے بیشمار انعامات واحسانات ہیں کہ ایک عبادت کے عوض میں ہزاروں لاکھوں، کروڑوں عبادتوں کی نیکیاں عطا فرماتے ہیں۔ ایک حدیث میں آیا ہے کہ اگر میت کی طرف سے حج بدل کیاجائے تو ایک حج کی وجہ سے تین آدمی جنتی بن جاتےہیں۔
۱ وہ میت جس کی طرف سے حج بدل کیاجائے۔ ۲ حج بدل کرنے والا
۳ وہ وارث وغیرہ جو حج بدل کاپیسہ خرچ کرتاہے۔
حضرت ابو موسیٰ اشعری ؓ سے ایک روایت مروی ہے کہ ایک حاجی کو اپنے خاندان کے چار سو افراد کے لئے شفاعت کا اختیار دیاجائیگا۔ اور حدیث کے بعض الفاظ سے معلوم ہوتا ہے کہ چار سو گھرانے کیلئے شفاعت کا اختیار دیاجائے گا۔ اور گناہوں سے ایسے پاک وصاف ہوکر نکل جاتا ہے جیسا کہ نومولود بچہ پیدائش کے دن ہرگناہ سے پاک وصاف ہوکر ماں کے پیٹ سے پیدا ہوتاہے۔
حضرت ابوذر غفاریؓ کی حدیث میں ہے کہ جب حاجی اپنے گھر سے نکلے اور اس پر تین دن گذرجائیں تو وہ نومولود بچہ کی طرح گناہوں سےپاک ہوجاتاہے۔ اس کے بعد سفر حج میں بقیہ جو ایام گذریں گے ان میں درجات بلند ہوجائیں گے۔
اوربخاری شریف میں ایک روایت مروی ہے کہ جو شخص اس طرح حج کرتاہے کہ حج کے دوران اس نےاپنے آپ کو لڑائی جھگڑے اور فسق وفجور اور بَد کلامی اور بدمزاجی سے دور رکھا ہوتو حج کرکے گناہوں سے ایساپاک وصاف ہوکر لوٹیگا جیسا کہ نومولود بچہ ماں کے پیٹ سے پیدائش کے وقت ہر گناہ سے پاک ہوتاہے۔ [از کتاب انوارمناسک]
۔۔۔۔۔جاری ہے ان شاء اللہ تعالیٰ۔۔۔۔۔۔۔



