مضامین

ماں باپ اور اولاد کے حقوق واحکام-۱۰

باپ نے بیٹے کی پرورش نہ کی ہو تب بھی باپ کی اطاعت فرض ہے
سوال : (۱۰۱۹)زید نے اپنے لڑکے عمر کو جوکہ شیر خوارتھا، اپنی زوجہ سے چھین کرنانھیال پہنچادیا، عمر نے نانی کا دودھ پی کر پرورش پائی، بالغ ہونے تک ماں سے علیحدہ رہا، اورنہ باپ نے اس کو لکھایا پڑھایا، ایسی صورت اور حالت میں عمر پر زید کی خدمت واجب ہے یانہیں؟( ۸۹۰/۱۳۳۷ھ)
الجواب:عمر پرزید کی خدمت لازم ہے، اور اطاعت باپ کی فرض ہے۔ فقط
ماں نماز نہ پڑھتی ہوتب بھی خدمت کرنا ضروری ہے
سوال:(۱۰۲۰) والدہ نماز نہیں پڑھتی، اگربیٹا اس سے علیحدہ ہوجاوے اور کوئی خدمت نہ کرے توعنداللہ گنہ گار ہوگایانہیں؟ یاہر حال خدمت کرناضروری ہے؟ بینواتوجروا(۱۲۴۴/۱۳۴۵ھ)
الجواب: والدین کی خدمت بہر کیف واجب ہے ،خدمت واطاعت بہ علاقۂ ابوّت وبنوّت (باپ ہونے اوربیٹا ہونے کی وجہ سے) ہے، والدہ اگرنماز نہیں پڑھتی اس کی وہ ذمہ دار ہے، بیٹے کا فرض ہے کہ وہ بیٹاہونے کا حق اداکرتارہے۔ فقط واللہ تعالیٰ اعلم
باپ کی خوشنودی کے لیے رافضی سے میل جول رکھنا جائز نہیں
سوال:(۱۰۲۱) رافضی تبرائی سے میل رکھنا کیساہے؟ عمر کا باپ ناراض ہے معافی اس شرط پر دیتاہے کہ پہلے رافضی سے معافی مانگے ، چونکہ وہ رافضی کواپنے مکان میں رکھنا نہیں چاہتا ہے تو عمر پر باپ کی اطاعت فرض ہے یانہیں؟(۲۰۹۷/۴۶-۱۳۴۷ھ)
الجواب:رافضی سے میل جول رکھنا مناسب نہیں ہے، اور نہ اس سے معافی مانگنے کی ضرورت ہے، البتہ اپنے باپ کو حتی الوسع خوش رکھنا چاہیے اور اطاعت کرنی چاہیے۔ فقط
ماں باپ : نانا، نانی یا خالو سے قطع تعلق پر مجبور کریں تو کیاحکم ہے؟
سوال:(۱۰۲۲) کیا والدین کوشرعاً یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنی اولاد کو نانا،نانی یاخالو سے کسی وجہ سے ترک تعلق پر مجبور کریں؟ اور اولاد اس قسم کے اوامر میں کس درجہ اطاعت کی شرعاً مامور ہے؟ (۴۸/۴۶-۱۳۴۷ھ)
الجواب: والدین کو ایسا حکم کرنا بدون کسی وجہ شرعی کے درست نہیں ہے، اور اولاد کو ایسے خلاف شرع امور میں والدین کی اطاعت لازم نہیں ہے۔ کماورد: لاطاعۃ لمخلوق فی معصیۃ الخالق (۱) فقط
(فتاویٰ دارالعلوم دیوبند ،جلد ۱۶)۔۔۔۔۔جاری ہے۔۔۔ ان شاء اللہ تعالیٰ

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button