ماں باپ اور اولاد کے حقوق واحکام-۱۶

باپ کو بدون اجازت بیٹے کے مال میں تصرف کرنا جائز نہیں
سوال: (۱۰۴۸)باپ بیٹے کی زندگی میں بیٹے کی خود پیدا کردہ جائیداد ر قبضہ کرکے اسے تصرف میں لاسکتا ہے؟(۲۰۰۷/۱۳۴۳ھ)
الجواب:بیٹے کی مملوکہ جائیداد میںباپ کو بدون اجازت بیٹے کے تصرف کرنا جائز نہیں ہے، لیکن بیٹے کو چاہیے کہ باپ کی خدمت کرے اور اگرباپ کوضرورت ہوتو اس سے کسی چیز کوانکار نہ کرے، اور اپنے مال کو باپ کی ہی دعا سے سمجھے، لیکن باپ کوچاہیے کہ جو کچھ تصرف بیٹے کے مال میں کرے بیٹے کی اجازت سے کرے۔فقط
باپ بیٹوں کامکان جبراً نہیں لے سکتا
سوال:(۱۰۴۹) ایک شخص کے چارپانچ بیٹے ہیں، پہلے سب ایک جگہ رہتے تھے، پانچ برس سے بیٹوں نے کھانا پینا علیحدہ کرلیا، اور مکانات بھی علیحدہ بنائے، توباپ ان سے جبراً مکان لے سکتاہے یانہیں؟(۳۱۷/۴۶-۱۳۴۷ھ)
الجواب:جب کہ بیٹوں نے اپنا اپنا مکان علیحدہ اپنے روپیہ سے بنالیاہے، اور وہ سب علیحدہ علیحدہ رہتےہیں باپ کے شریک نہیں ہیں توباپ ان سے ان کامکان جبراً نہیں لے سکتا۔ فقط
والدین کا سودی قرض ادا کرنے کیلئے اولاد سے رقم طلب کرنا
سوال:(۱۰۵۰) اگروالدین کے ذمے سودی قرض ہواور وہ اولاد سے روپیہ طلب کریں سودی قرض ادا کرنے کیلئے ، توروپیہ دیاجائے یاسود کی وجہ سے نہ دیاجائے؟(۲۰۴۰/۱۳۴۳ھ)
الجواب: والدین کاقرض اداکردے۔ فقط واللہ تعالیٰ اعلم
بزرگوں کو قبلہ وکعبہ وغیرہ لکھنا
سوال:(۱۰۵۳) باپ دادا یا کسی بزرگ کوقبلہ وکعبہ یاقبلۂ کونین وکعبۂ دارین لکھنا جائز ہےیا نہیں؟(۲۶۷۲/۱۳۴۰ھ)
الجواب:مجازاً اس قسم کے الفاظ لکھنا جائز ہے لیکن بہترنہیں ہے،لہٰذا اس قسم کے الفاظ لکھنے سے احتراز کرنا مناسب ہے اوربہتر ہے(۱)فقط واللہ تعالیٰ اعلم۔۔۔۔ختم شد۔۔۔۔۔(فتاویٰ دارالعلوم دیوبند ،جلد ۱۶)



