
نئی دہلی:(ذرائع)18؍فروری:ہندوستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا ہے ۔ چاند نظر آنے کا اعلان دہلی کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے کیا ہے ۔حیدرآباد کے علاوہ ہندوستان کے مختلف شہروں میں بھی رمضان المبارک 1447 ہجری کا چاند نظر آنے کی باضابطہ تصدیق ہوگئی ہے۔ مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی اور صدر مجلس علماء دکن کو موصول ہونے والی مستند اور معتبر شہادتوں کی روشنی میں یہ اعلان کیا گیا کہ ملک کے مختلف علاقوں سے چاند نظر آنے کی اطلاعات موصول ہوئیں، جن کی شرعی جانچ اور تصدیق کے بعد رمضان المبارک کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا۔اعلامیہ کے مطابق 19 فروری 2026، بروز جمعرات یکم رمضان المبارک 1447 ہجری ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی آج کی رات پہلی تراویح ادا کی جائے گی، جبکہ اہلِ ایمان سحری کا اہتمام کرتے ہوئے کل سے روزوں کا آغاز کریں گے۔




