مضامین

احکامات حج-(فضائل ومسائل)-۲۵

مسائل ارکان و واجبات حج
(۱۱): غیر معذوری کا سعی میں پیدل چلنا:غیر معذور تندرست آدمی کا سعی میں پیدل چلنا واجب ہے۔ لہٰذا اگر بلاعذر سواری پر سعی کریگا تو دم دینا لازم ہوگا۔ (مستفاد درمختار ۔ص:۴۶۹،ج:۲)
(۱۲): قارن و متمتع کی قربانی :قارن ومتمتع کاقربانی کرنا واجب ہے۔ لہٰذا اگرقربانی کئے بغیر احرام کھول دیں گے تو جرمانہ میں ایک قربانی اور لازم ہوجائے گی۔ (فتح القدیر ،ص:۹۵،ج:۳) (درمختار کراچی ۔ص:۴۷۰،ج:۲)
(۱۳): جمرۂ عقبہ کی رمی وقربانی وحلق میں ترتیب :جمرۂ عقبہ کی رمی، قربانی، حلق راس، کے درمیان ترتیب قائم رکھنا واجب ہے۔ اور ترتیب اس طرح ہے کہ یوم النحر میں اوّلاً جمرۂ عقبہ کی رمی، اس کے بعد قربانی (اگر قربانی لازم ہے) اس کے بعد حلق یا قصر۔ لہٰذا اگر رمی سے قبل قربانی یاحلق کریگا یا قربانی سے قبل حلق کریگا توجرمانہ میں ایک دم دینا لازم ہوگا۔ البتہ ان تینوں اُمورسے قبل طواف زیارت کرنا اگرچہ خلاف سنت ہے مگر دم دینا لازم نہیں ہے۔(درمختار مع الشامی کراچی ۔ص:۴۷۰،ج:۲)
(۱۴): طواف زیارت ایام نحر کے اندرکرنا :طواف زیارت، ایام النحر یعنی دسویں سے بارہویں ذی الحجہ کے درمیان میں کرلینا، ان تین دنوں میں سے کسی بھی دن کرلے گا تو موجب جرمانہ نہ ہوگالیکن اگر بارہویں ذی الحجہ گزر جائے اور طواف زیارت باقی رہ جائے تو جرمانہ میں ایک قربانی لازم ہوجائے گی۔ (درمختار ۔ص:۴۷۰، ج:۲)
(۱۵): حطیم کے باہر سے طواف کرنا :طواف کو حطیم کعبہ کے باہر کی طرف سے کرنا واجب ہے۔ (درمختار۔ ص:۴۷۰، ج:۲)
لہٰذا اگر حطیم کے اندر سے طواف زیارت کرکے وطن واپس چلاجائے تو ترک واجب کی وجہ سے ایک دم دینا واجب ہوگا۔ اور اگر پورے طواف کا اعادہ کرلیاہے تو جرمانہ ساقط ہوجائے گا۔(مستفاد بدائع الصنائع ،ص:۱۳۲،ج:۲ و تبیین الحقائق ،ص:۶۱، ج:۲)
(۱۶): سعی سے قبل طواف :سعی بین الصفاوالمروہ کا کسی بھی طواف کے بعد ہونا۔ لہٰذا ہر سعی سے پہلے ایک طواف کاہونا واجب ہے۔ چاہے طواف قدوم ہویا طواف زیارت ہو یا طواف نفل۔(درمختار کراچی ۔ص:۴۷۰۔ج:۲)
لہٰذا اگر بغیر کسی طواف کے سعی کرلے گا توجرمانہ میں ایک دم دینا لازم ہوگا۔
(۱۷): حدود حرم میں ایام نحر کے اندر حلق کرنا :حدود حرم میں ایام النحر کے گزرجانے سے قبل سرکے بال صاف کرکے احرام کھول دینا واجب ہے۔ لہٰذا اگر حدود حرم سے باہر بال صاف کریگا یا بارہویں ذی الحجہ گزرجانے کے بعد حلق یاقصر کریگا تو جرمانہ میں ایک دم دینا لازم ہوگا۔ (درمختار کراچی ۔ ص:۴۷۰۔ج:۲) اس کی تفصیل حلق وقصر کے عنوان کے تحد دیکھ لی جائے۔
۔۔۔۔ (ماخوذ از کتاب انوارمناسک)۔۔۔(جاری ہے ۔۔۔ ان شاءاللہ تعالیٰ)۔۔۔۔۔۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button