مضامین

اسلام کانظام میراث-(۱۵)

آخری باتیں
اسلام کا قانون میراث اسلامی شریعت کا اہم ترین حصہ ہے، اس کی اہمیت کااندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ قانون میراث کا بڑا حصہ پوری تفصیل و وضاحت کے ساتھ خود قرآن کریم میں مذکور ہے، اسے باربار’’ فریضۃ من اللہ‘‘ ( اللہ کے مقرر کردہ) کہاگیاہے ۔لیکن دور حاضر میں مسلمانوں کی اکثریت قانون میراث پر عمل نہیں کررہی ہے، خصوصاًہمارے ملک ہندوستان کے مسلمان احکام میراث پر عمل پیرا ہونے میں حددرجہ کوتاہی کررہے ہیں۔
اکثر گھرانوں میں قانون شرع کے مطابق میراث تقسیم نہیں کی جاتی، باپ کے انتقال کے بعد اس کا ترکہ وارثین میں تقسیم نہیں کیا جاتا بلکہ مشترک پڑا رہتا ہے۔ بڑا لڑکا یا جو لڑکا بھی گھر کے معاملات پرحاوی ہوجاتاہے پورے ترکہ کامالک بن بیٹھتا ہے اور اپنی مرضی کے مطابق اس میں تصرفات کرتاہے، مشترکہ خاندانی نظام کے رواج نے میراث تقسیم ہونےکامسئلہ ہی ختم کردیا ہے۔ اس صورت حال میں خاص طور سے نابالغ وارثین کا بڑا نقصان ہوتاہے۔ ان کے حصے کی نقد جائیداد سے بڑے بھائی اپناکام چلاتے ہیں۔ بسا اوقات پوراترکہ اسی میں ختم ہوجاتاہے۔
اسلام کے قانون میراث نے عورتوں کو ان کاحق دلایا، ان کے ساتھ انصاف کیا، لیکن برادران وطن سے متاثر ہوکر ہم مسلمانوں نے پھر عورتوں کو ان کے حقوق میراث سے محروم کردیا، بیٹیاں میراث سے محروم کردی گئیں، سارا ترکہ بیٹوں کی ملک تصور کیاجانے لگا۔ اگرکوئی بہن میراث کی بات زبان پرلائی تو بھائیوں کی نظر میں قابل نفرت اور خاندان میں نکّو بن گئی۔ زمین، مکان، جائیداد میں خاص طور سے عورتوں کاکوئی حصہ نہیں سمجھاجاتا۔شوہر کے انتقال کے بعد بیوی کو اس کے ترکہ میں کوئی حصہ نہیں دیاجاتا خصوصاً اس وقت جب شادی زیادہ پرانی نہ ہو یا اس سے اولاد نہ پیدا ہوئی ہو۔ حالاں کہ قرآن کریم نے بیوی کاترکہ میں چوتھا یا آٹھواں حصہ رکھا ہے۔
بعض صوبوں مثلاً یوپی کے قوانین میں لڑکیوں کو زرعی زمینوں میں میراث پانے سے محروم کردیاگیاہے۔ یہ قانونی ظلم طویل مدت سے چلاآرہاہے۔ اس ظالمانہ قانون کے خلاف پر زور جدوجہد کی جانی چاہیے، کیوں کہ ہندوستان جیسے زرعی ملک میں زرعی زمینیں ہی سب سے بڑا سرمایہ ہیں۔ زرعی زمینوں میں عورتوں کوحقوق میراث سے محروم کر دینا عورتوں کے کم ازکم اسی فیصد حقوق میراث کو ہڑپ کرلیناہے۔ اس ظالمانہ قانون کے ہوتے ہوئے بھی مرد ورثہ کی ذمہ داری ہے کہ زرعی زمینوں میں خواتین ورثہ کوبھی ان کا شرعی حق دیں، ملکی قانون کی آڑ میں مستحق خواتین کو ان کے حصۂ میراث سے محروم کردینا بدترین گناہ اور سنگین ظلم ہے۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو اسلام کے قوانین میراث کو جاننے اور ان پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور میراث کی شرعی تقسیم میں ہمارے سماج میں جوکوتاہیاں ہورہی ہیں ان کا ازالہ اور سدباب فرمائے۔ (ختم شد)
( ازکتاب: اسلام کانظام میراث۔ حضرت مفتی عتیق احمد صاحب بستوی)

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!